شب جمعہ کی حاضری ۔۔۔صلی اللہ علی محمد صلی اللہ علیہ وسلم
منقبت
جامع القرآن سیدناعثمان بن عفان
ذوالنورین وذوالمنقبتین
رضی اللہ تعالٰی عنہ
ذات باری کی عطا قرآن بھی عثمان بھی
جلوہ نورخدا قرآن بھی عثمان بھی
مرکزصدق و صفا قرآن بھی عثمان بھی
منبع حلم و حیا قرآن بھی عثمان بھی
نسخہ مہرووفا قرآن بھی عثمان بھی
ھادی راہِ خدا قرآن بھی عثمان بھی
میں بھٹک سکتا نہیں ہرگزکسی بھی موڑپر
جب ہیں میرے رہنما قرآن بھی عثمان بھی
ہم سےعصیاں کاران دونوں کوکیسے چھوڑ دیں
شافع روز جزا قرآن بھی عثمان بھی
اہل جنت ہی ہواکرتےہیں اس پرگام زن
خلد کاہے راستہ قرآن بھی عثمان بھی
کب کوئی جاتاہےخالی ایسے دسترخوان سے
مصدر جود وسخا قرآن بھی عثمان بھی
جھولیاں منگتوں نےبھرلیں لؤلوومرجان سے
ہے کرم کی انتہا قرآن بھی عثمان بھی
کیوں نہ گنج عرش ہو ہرہرگدا کےہاتھ میں
جب ہیں عکس مصطفٰی قرآن بھی عثمان بھی
واسطہ ان کو بنا اپنا خدا کے سامنے
ذات حق تک ہےرسا قرآن بھی عثمان بھی
خوش نصیبی سےہوں میں شہزاد ان کامقتدی
میرےدونوں مقتدا قرآن بھی عثمان بھی
نگارش علامہ شہزاد مجددی
18ذوالحجہ 1444ھ